1

سپر لیگ سے ایک اورٹیم کی رخصتی کا وقت آگیا

شاداب کومنرو کی بحالی فٹنس کاانتظار،ردر فورڈ کی واپسی سے روسومسرور۔ فوٹو: فائل

شاداب کومنرو کی بحالی فٹنس کاانتظار،ردر فورڈ کی واپسی سے روسومسرور۔ فوٹو: فائل

لاہور:ایچ بی ایل پی ایس ایل 9سے ایک اور ٹیم کی رخصتی کا وقت آگیا جب کہ ایلیمنیٹر ون میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں بقا کی جنگ لڑیں گی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل9کا پہلا ایلمنیٹر جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا جائے گا،شکست کھانے والی ٹیم کا ایونٹ میں سفر تمام ہوجائے گا،فاتح سائیڈ کو فائنل تک رسائی کیلیے کوالیفائر میں ناکام الیون کو ہرانا ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیگ مرحلے میں11پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر تیسری پوزیشن پائی،ٹیم نے لاہور قلندرزکے ہاتھوں شکست کے بعد کم بیک کرتے ہوئے مسلسل 2فتوحات حاصل کیں،آخری مقابلے میں تو 229رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کرلیا تھا، بیٹنگ میں ٹیم کے ٹاپ پرفارمر کولن منرو کی مشکوک فٹنس بری خبر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز پی ایس ایل 9 کے فائنل میں پہنچ گئی

توقعات کا بوجھ الیکس ہیلز،سلمان علی آغا،کپتان شاداب خان، اعظم خان اور عماد وسیم کو اٹھانا ہوگا،حیدر علی اور فہیم اشرف بھی چھکے چھڑاسکتے ہیں،بولنگ میں امیدوں کا محور نسیم شاہ اور حنین شاہ ہوں گے،اسپنرز شاداب خان اور عماد وسیم کو کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی 11پوائنٹس جوڑے مگر رن ریٹ منفی ہونے کی وجہ سے چوتھے نمبر پر رہے،ٹیم ایونٹ میں اچھا آغاز کرنے کے بعد کارکردگی میں تسلسل برقرار نہیں رکھ پائی،کپتان رائیلی روسو کی ناقص فارم بھی ایک وجہ ہے،سعود شکیل نے چند اچھی اننگز کھیلی ہیں،ذاتی مصروفیات کی وجہ سے رخصتی پر جانے والے شرفین ردرفورڈ کی واپسی سے بیٹنگ کو تقویت ملے گی، جیمز ونس اور خواجہ نافع بھی بڑی اننگز کھیل سکتے ہیں۔

پیسرز محمد عامر اور وسیم جونیئر کو لائن ولینتھ بہتر بنانا ہوگی،گذشتہ میچ میں ملتان سلطانز نے اسپنرز ابرار احمد اور عثمان طارق کا سحر توڑ دیا تھا،عقیل حسین کا تجربہ کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں