1

لانڈھی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو دن دہاڑے شہری سے 19 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر شہری کو لوٹ لیا—فوٹو: ایکسپریس نیوز

ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر شہری کو لوٹ لیا—فوٹو: ایکسپریس نیوز

  کراچی:لانڈھی فیوچر موڑ کے قریب بینک سے 19 لاکھ روپے نکلوا کر آنے والے شہری کو موٹر سائیکلوں پر سوار ڈاکو اسلحے کی زور پر دن دہاڑے لوٹ کر فرار ہوگئے اور واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

لانڈھی میں ہونے والی ڈکیتی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور متاثرہ شہری کے بھائی نے بتایا کہ ان کے بھائی جمعرات کو قائد آباد داؤد چورنگی پر قائم نجی بینک سے 19 لاکھ روپے نکلوا کر جسے ہی فیوچر موڑ پر دکان کے سامنے اپنی سوزوکی ہائی روف وین سے باہر نکلا ہی تھا کہ تعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ان سے اسلحے کے زور پر نقدی کا پیکٹ چھین لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے دیگر 2 ساتھیوں نے دوسری جانب گاڑی کے ڈرائیور اور دیگر افراد سے بھی لوٹ مار کی اور چند سیکنڈ میں لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ واردات میں ملوث 4 ڈاکوؤں میں سے 2 پینٹ شرٹ اور 2 شلوار قمیض میں ملبوس تھے، 2 ڈاکوؤں نے ہلمٹ اور  2 نے پی کیپ پہنا ہوا تھا۔

کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں سے عاجز شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے بلند و بانگ دعوے اپنی جگہ لیکن کسی بھی صورت پولیس اسٹریٹ کرمنلز کو نکیل ڈالنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

شہریوں نے کہا کہ ڈاکو جب اور جہاں چاہیں شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں جبکہ ڈاکوؤں کے حوصلے اتنے بلند ہیں کہ انہیں گلی، محلوں اور سڑکوں پر نصب کلوز سرکٹ کیمروں کا بھی کوئی ڈر و خوف نہیں اور وہ اپنی آزادانہ وارداتوں میں شہریوں کو نقدی اور موبائل فونز سمیت دیگر اشیا سے محروم کر رہے ہیں بلکہ معمولی سی مزاحمت پر فائرنگ کر کے جان سے مارنے اور زخمی کرنے سے بھی دریغ نہیں کر رہے ہیں۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں