1

مولانا فضل الرحمان نے جن باتوں کی نشاندہی کی وہ جائز ہیں، رانا ثنااللہ

رانا ثنااللہ نے کہا کہ مولانا سے دوبارہ ملاقات کریں گے—فائل: فوٹو

رانا ثنااللہ نے کہا کہ مولانا سے دوبارہ ملاقات کریں گے—فائل: فوٹو

 اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں ہوں گی اور جن باتوں کی انہوں نے نشان دہی کی ہے وہ جائز ہیں۔

مسلم لیگ(ن)، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)، بلوچستان عوامی پارٹی اور مسلم لیگ(ق) سمیت اتحادی جماعتوں کے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ مولانا ہمارے لیڈر ہیں، ان سے پہلے بھی گائیڈ لائنز لیتے رہے ہیں اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کل شام کو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے دوبارہ آئیں گے اور مولانا فضل الرحمان نے جن باتوں کی نشان دہی کی وہ جائز ہیں، بعض اوقات کچھ چیزیں وقت پر نہ کرنے سے غلط فہمیاں پیدا ہوجاتی ہیں۔

رانا ثناللہ نے کہا کہ اپنی قیادت سے بات کرکے ان غلط فہمیوں کا ازالہ کریں گے۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے والی اتحادی جماعتوں کے وفد میں رانا ثنااللہ، احسن اقبال، ایاز صادق، سعد رفیق، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، صادق سنجرانی، خالد مگسی، عبدالعلیم خان اور سالک حسین شامل تھے۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کے ہمراہ مولانا عبدالغفور حیدری، حاجی غلام علی، اسلم غوری، نور عالم خان اور مولانا امان اللہ شامل تھے۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی تاہم رانا ثنااللہ کے علاوہ وفد کے دیگر ارکان مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کیے بغیر روانہ ہوگئے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں