1

پشاور؛ صوبائی وزیر و دیگر کے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلیے حکومت سے جواب طلب

 پشاور:خیبر پختون خوا میں صوبائی وزیر اور ارکان اسمبلی کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواستوں پر حکومت سے جواب طلب کر لیا گیا۔

صوبائی وزیر فضل شکور خان اور دیگر ارکان اسمبلی کے نام ای سی ایل اور اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد نے سماعت کی۔

دوران سماعت، وکیل درخواست گزار ارشد احمد نے کہا کہ درخواست گزار عمرے کے لیے باہر جانا چاہتا ہے۔

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ یہ سارے عمرے کے لیے جا رہے ہیں، لگتا ہے یہ عمرے کسی خاص شخص کے لیے ہو رہے ہیں، وہاں یہ ویڈیوز بھی بنائیں گے اور کہیں گے کہ ہم نے آپ کے لیے عمرہ بھی کیا اور دعا بھی مانگ رہے ہیں۔

ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے عبد الرحمان آفریدی نے کہا کہ درخواست گزاروں کے نام متعلقہ ڈی پی اوز کے سفارشات پر ای سی ایل میں شامل کیے ہیں، یہ مختلف مقدمات میں نامزد ہیں اس لیے متعلقہ پولیس افسران نے سفارش کی ہے۔

عدالت نے وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور متعلقہ فریقین سے سات دن کے اندر جواب طلب کرلیا۔

درخواست گزاروں میں صوبائی وزیر فضل شکور خان، عارف احمد زئی خالد خان، فصل محمد خان، عاطف خان، شہرام خان ترکئی، سابق ارباب جہانداد، ادریس خٹک، انور تاج اور سابق ایم پی محمد علی ترکئی شامل ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں