1

ایف بی آر کا اسمگل شدہ اشیا و گاڑیاں پکڑوانے والوں کو انعام دینے کا فیصلہ

 اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے اسمگل شدہ اشیاء اور گاڑیاں پکڑوانے میں کسٹمز حکام کی معاونت کرنے والوں کو انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس مقصد کے لیے  فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کسٹمز ریوارڈ رولز 2012 میں ترامیم کا مسودہ تیار کرکے اسٹیک ہولڈرز کی آرا کیلیے جاری کردیا ہے۔

’’ ایکسپریس‘‘ کو دستیاب مجوزہ مسودے میں بتایا گیا ہے کہ کسٹمزکے ساتھ ساتھ لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے حکام کے علاوہ جو بھی اسمگل شدہ اشیا اور گاڑیاں پکڑوانے میں کسٹمز حکام کی معاونت کرے گا، اس معاونت کے نتیجے میں ضبط کی جانے والی اشیا اور گاڑیوں پر ڈیوٹی و ٹیکس کی رقم کی ریکوری پر معاونت کرنے والوں کو انعام فراہم کیا جائے گا۔

ایف بی آر کی طرف سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے کہا گیا ہے کہ کسٹمز رولز میں ترامیم کے مسودے  کے بارے میں سات دن کے اندر اندر اپنی آرا بھجواسکتے ہیں۔

مقررہ میعاد کے بعد موصول ہونیوالی آرا و تجاویز اور اعتراضات کو قبول نہیں کیا جائے گا اور گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے ان ترمیمی رولز کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں