اسلام آباد: بشریٰ بی بی نے خود کو زہر دیے جانے کے خدشے کے پیش نظر شوکت خانم اسپتال میں طبی معائنہ کرانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔
سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے خوراک میں مبینہ طور پر زہر دیے جانے کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے شوکت خانم اسپتال سے طبی معائنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دی ہے۔
سابق خاتون اول کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ اور عدت میں نکاح کےکیسز میں گھسیٹا گیا۔ بشریٰ بی بی بنی گالہ سب جیل میں قید ہیں۔بنی گالہ سب جیل بشریٰ بی بی کی زندگی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی خوراک میں ہائیڈرو کلورک ایسڈ کے نشانات ملے ہیں۔ زہر دیے جانے کے خدشے کے پیش نظر میری صحت پر اثر ہو سکتا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ شوکت خانم یا کسی مرضی کے پرائیویٹ اسپتال سے ٹیسٹ کرانے کی اجازت دی جائے۔