9

پاکستان، آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کیلیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا، آصف زرداری

فوٹو: ریڈیو پاکستان

فوٹو: ریڈیو پاکستان

 اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے کیلیے دباؤ ڈالے، پاکستان آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کیلیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ 

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے کیلیے دباؤ ڈالے۔

ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال، ترقی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ صدر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سیاحوں کو راغب کرنے کیلیے آزاد کشمیر کے شعبہ سیاحت کو بھرپور صلاحیت تک ترقی دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت سے سماجی و اقتصادی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان آزاد کشمیر کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو جدید ترین ہنر اور تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے ، ہنرمند نوجوان آزاد کشمیر کی ترقی میں اپنا کردار کریں گے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان کاربن کریڈٹ مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کی مدد کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور ان کی حکومت کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر صدر مملکت آصف زرداری کو آزاد کشمیر کا دورہ کرنے اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت دی۔

صدر نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں سے متعلقہ واقعات کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کی حکومت متاثرہ خاندانوں کی مدد کرے گی۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں