8

سعودی ولی عہد ہر سطح پر پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد ہر سطح پر پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں،سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، ایس آئی ایف سی کے ذریعے رکاوٹوں سے پاک کاروبار دوست ماحول فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا، مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے سعودی ولی عہد کی ویژنری قیادت اور مملکت کو جدید بنانے کے لیے ان کی پالیسیوں کی تعریف کی اور ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھاکہ زراعت، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سعودی عرب کی ترقی کو سراہتے ہیں، سعودی عرب سات دہائیوں سے پاکستان کا ساتھ دے رہا ہے، ان کی فراخدلی کو سراہنے کیلیے میرے پاس الفاظ نہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ہر سطح پر پاکستان کی مدد کرنا چاہتے  ہیں، سعودی عرب کے سرمایہ کار ایس آئی ایف سی کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی وفد کے دورہ پاکستان سے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات بہت خوبصورت ہیں۔

عشائیہ کے موقع پرسعودی عرب کے معاون وزیر ابراہیم المبارک نے کہا کہ سعودی قیادت کی ہدایت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں،پاکستان سعودی عرب کا اسٹریٹجک دوست اور شراکت دار ہے، سعودی عرب کے نجی شعبہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

عشائیہ میں وفاقی وزرا، اعلی حکام، سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر کا آغاز عربی میں کیا جسے شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں