اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی کارروائی کے تحت یہ معاملہ سماعت کے لیے مقرر کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دونوں لارجر بینچ 14 مئی کو توہین عدالت کارروائی کے لیے کیسز کی سماعت کریں گے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس حوالے سے دو لارجر بینچ تشکیل دیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کے خلاف مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کیلئے بینچ تشکیل
جسٹس محسن اختر کیانی کے معاملے پر چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر بینچ کا حصہ ہیں جب کہ جسٹس بابر ستار کے خط پر جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان بینچ کا حصہ ہیں۔