راولپنڈی: سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معافی مظلوم کو نہیں ظالم کو مانگنی چاہیے، فوج کی سیاست میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، سیاست آپ کا کام نام نہیں ہے، یہ کہنا ملک کے ستر فیصد لوگ غلط ہیں چند لوگ صحیح ہیں یہ کہاں کی منطق ہے؟
یہ بات انہوں نے عمران خان سے ملاقات کے بعد رؤف حسن اور عمر ایوب کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہی۔
سابق صدر نے کہا کہ عمران خان ساری قربانیاں دینے کیلئے تیار ہیں، وہ پوری دنیا میں پاپولر لیڈر ہیں میں نے بانی پی ٹی آئی سے ہدایات لی ہیں، فوج کے اندر جو لوگ نومئی میں ملوث تھی صرف انہیں سزا دی گئی اسی طرح پی ٹی آئی کے بھی کچھ لوگ ملوث ہوسکتے ہیں مگر پوری پارٹی کرش کردی گئی۔
مینڈینٹ چھیننے میں فوج کا ہاتھ نہیں مگر کچھ اس کے کچھ لوگ ملوث ہیں، عارف علوی
انہوں نے کہا کہ فوج کو بحث کی بنیاد بنا دیا گیا جنرل (ر) باجوہ نے جاتے جاتے کہا تھا اب فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں کیا ضرورت تھی پریس کانفرنس کی؟ آپ نے فوج کو بدنام کیا، الیکشن میں جو مینڈیٹ چھینا گیا اس کے ثبوت موجود ہیں فوج کا واقعی دھاندلی میں کوئی ہاتھ نہیں لیکن کچھ لوگ ملوث ہیں۔
عارف علوی نے کہا کہ میں نے کل بھی کہا معافی مظلوم کو نہیں ظالم کو مانگنی چاہیے، فوج کی سیاست میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، سیاست آپ کا کام نام نہیں ہے، یہ کہنا ملک کے ستر فیصد لوگ غلط ہیں چند لوگ صحیح ہیں یہ کہاں کی منطق ہے؟ یہاں جمہوریت کی نئی منطق پیش کی جارہی ہے، خدا کے واسطے ہماری فوج کو بچائیں یہ ہمارا ادارہ ہے میڈیا سے التماس ہے حق کے ساتھ کھڑے ہوجائیں، ستر فیصد لوگوں کے مینڈیٹ والوں سے بات کرنی پڑے گی، طاقت جس کے پاس ہے اسی کے ساتھ بات ہوسکتی ہے فارم 47 کی پیداوار حکومت کے ساتھ کیا بات کریں۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ہماری تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی ورکرز کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، آئی جی پنجاب شریف خاندان کا ٹاؤٹ بنا ہوا ہے، کل جو کچھ وکیلوں کے ساتھ ہم اس کی بھی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی وہ دن تھا جب ہمارے 16 کارکنوں کو شہید کیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے آج کچھ خصوصی ہدایات دی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے عارف علوی کو اہم ذمہ داری سونپی ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ 1971ء بھی سوچی سمجھیں سازش تھی اور نو مئی بھی ایک سازش تھی، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے لندن پلان کے تحت نو مئی کا منصوبہ فرد واحد کا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے نو مئی میں ادارہ ملوث نہیں تھا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تین رٹ پٹیشنز سپریم کورٹ میں دائر کرنے کی ہدایت کی ہے، پہلی پٹیشن نو مئی کے دن ملٹری انسٹالیشنز پر سی سی ٹی وی فوٹیجز کی برآمدگی کے حوالے سے ہے، دوسری پٹیشن نو مئی کو 16 کارکنوں کے قتل سے متعلق ہے، تیسری پٹیشن سابق نگراں وزیر اعظم کاکڑ صاحب کے فارم 47 کے حوالے سے دائر کی جائے گی۔
رؤف حسن نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی چوری لندن پلان کا حصہ ہے، عمران خان نے جوڈیشل کمیشن میں اپنی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کی چوری کی بات بھی کی ہے، ہم ایک اور پٹیشن دائر کررہے ہیں سابق کمشنر راولپنڈی کے حوالے سے کہ انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔