اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم سے رابطہ کرکے وہاں کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزیراعظم آزاد کشمیرچوہدری انوارالحق سے رابطہ کرکے انہیں بھی اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے معاملے کے حل ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں پر زور دیتا ہوں مطالبات کے حل کے لیے پرامن طریقہ کار کا سہارا لیں، انہوں نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا قطعاً برداشت نہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے افراتفری کی صورتحال میں کچھ عناصر سیاسی پوائنٹ اسکور کرنے میں جلدی کرتے ہیں۔
شبہاز شریف نے کہا کہ ڈائیلاگ ، بحث ومباحثہ اور پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے، امید ہے کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔
وزیرا عظم نے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے تمام عہدیداروں کو بھی ایکشن کمیٹی کے رہنماوٴں سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔