ممبئی: بھارت میں تند و تیز آندھی سے ایک بڑا ہورڈنگ بورڈ نیچے کھڑے راہگیروں پر گر گیا جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 74 زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں ٹنوں وزنی اور 100 فٹ قامت کا ہورڈنگ بورڈ تند و تیز آندھی میں پٹرول پمپ پر گر گیا جہاں 100 سے زائد افراد موجود تھے۔ درجنوں گاڑیاں دب گئیں۔
ریسکیو آپریشن پوری رات جاری رہا۔ حادثے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 74 زخمی ہیں جن میں 30 کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا ہے۔ 7 زخمیوں کی حالت نازک ہونے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہورڈنگ بورڈ میونسپلٹی کی اجازت کے بغیر نصب کیا گیا تھا جس کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ اسی جگہ تین مزید ہورڈنگ بورڈز لگے ہیں جنھیں ہٹایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب متعلقہ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے بورڈ نصب کرنے سے پہلے ریلوے، پولیس ویلفیئر اور میونسپلٹی سے این او سی حاصل کی تھی اور بورڈ لگنے کے بعد معائنہ کمیٹی نے دورہ بھی کیا تھا۔