اسلام آباد: وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کے سیکرٹری محی الدین وانی نے این جی او کارنداز پاکستان کے ساتھ اساتذہ کی تربیت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مالیات سے متعلق علمی و تعلیمی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کردیئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس معاہدے کے تحت این جی او کارنداز وفاق کے زیر انتظام ملک بھر کے 340 سے زائد اسکولوں کے 3 ہزار سے زائد اساتذہ کو تربیت دے گا جس سے 1 لاکھ 34 ہزار سے زائد طلباء مستفید ہوں گے۔
وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے اس اقدام کا مقصد مالی ذمہ داری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو عالمی معیشت سے مسابقت پیدا کرنے کے لیے درکار مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
این جی او کارنداز اور وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا معاہدہ یہ سماجی اقتصادی ترقی اور نمو کے لیے مشترکہ عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ جس کا مقصد نوجوانوں کو باختیار بنانا ہے۔
معاہدے پر سیکرٹری وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت غلام محی الدین وانی اور کارنداز کے سی ای او نے دستخط کیے۔