اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے فلسطین میں نسل کشی کے خلاف دائر مقدمے پر عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی آپریشن روکنے کے عالمی عدالت کے فیصلے پر فوری عمل کرائے۔
عالمی عدالت انصاف کے رفح میں آپریشن فوری روکنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ رفح میں آپریشن روکنے کے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد سے دنیا میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مظلوم انسانیت کے حق میں فیصلہ دینے والے تیرہ ججوں اور پٹیشن دائر کرنے پر جنوبی افریقہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کی پٹیشن کی حمایت کی تھی، آئندہ بھی تمام فلسطینیوں کا کیس لڑتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل رفح میں فوجی آپریشن فوری طور پر روکدے؛ عالمی عدالت کا فیصلہ آگیا
وزیراعظم نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کو غزہ اور رفح میں فوری رسائی دی جائے، عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ مظلوم انسانوں کی فتح ہے، فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے، راستے کھولنے، غذائی اورطبی امداد کی فوری فراہمی کے فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے تاکہ مظلوم انسانوں کوریلیف مل سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے بنیادی انسانی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔