13

موٹروے پولیس افسر کی ٹرک ڈرائیور سے بدسلوکی، دھمکیاں دینے کی فوٹیج سامنے آگئی

 راولپنڈی: موٹر وے ایم ون پر برہان کے قریب موٹر وے پولیس انسپکٹر کو ٹرک ڈرائیور سے بدسلوکی کرنے اور دھمکیاں دینے پر معطل کرکے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا، واقعے کی ویڈیو فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

موٹر وے ایم ون پر برہان کے قریب واقعہ چند دن قبل پیش آیا جس کی سامنے آنے والی ویڈیو فوٹیج میں موٹر وے پولیس آفیسر کو رائفل پکڑے ٹرک کی جانب جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں سنا اور دیکھا گیا کہ ٹرک ڈرائیور و عملہ ویڈیو بناتے ہوئے کہتے ہیں دیکھیں یہ ہمارے اوپر اسلحہ نکال رہے ہیں اور   ہمیں گولی مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، چالان کرنا انکا حق ہے لیکن یہ کیسے قانون چلا رہے ہیں۔

ویڈیو میں پولیس انسپکٹر کو بھی ٹرک ڈرائیور سے موبائل چھیننے کے لیے جھپٹتےدیکھا جا سکتا ہے جبکہ ویڈیو بننے پر پولیس انسپکٹر رائفل کو الٹی جانب سے پکڑ کر ٹرک ڈرائیور کی جانب بڑھتے، پھر ساتھی کو پکڑاتے ہوئے وائرلیس پر مدد طلب کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

واقعہ علم میں آنے پر موٹر وے پولیس حکام نے پولیس انسپکٹر کو معطل کر دیا۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ چالان کرنے کے بعد پولیس افسر نے ڈرائیور کو دھمکانے کی کوشش کی تھی جسکا پتہ چلنے پر سیکٹر کمانڈر ایم ون نے، ڈی ایس پی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے متعلقہ افسر کو معطل کر دیا تھا اور اب تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس افسر کی غلطی ثابت ہوئی تو قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس اپنے شائستہ رویے کی وجہ سے جانی جاتی ہے جس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں