سندھ ہائیکورٹ نے جامعہ کراچی میں طلبا یونین کی بحالی سے متعلق جامعہ کے ڈائریکٹر لیگل کے جواب پر درخواستگزار سے جواب الجواب طلب کرلیا۔
ہائیکورٹ میں جامعہ کراچی میں طلبا یونین کی بحالی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ جامعہ کراچی کی جانب سے ڈائریکٹر لیگل نے جواب جمع کروا دیا جس میں کہا گیا کہ طلبا یونین کے انتخابات کے لئے قوانین اور قواعد و ضوابط کی تیاری کا کام شروع کیا جا چکا ہے۔
جامعہ کراچی کی سینٹرل اسٹوڈنٹ ایڈوائزری کونسل نے اسٹوڈنٹ کونسل کے لئے مجوزہ آئین تیار کرلیا ہے۔ مجوزہ آئین سیکریٹری جامعات کو بھی بھیجا گیا ہے۔
عدالت نے وزارت جامعات اور بورڈز سے بھی طلبا یونین کی بحالی سے متعلق اقدامات کے بارے میں استفسار کیا اور جامعہ کراچی کے جواب پر درخواستگزار سے جواب الجواب طلب کرتے ہوئے سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی۔
درخواست جامعہ کراچی کے طلبہ کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں طلباء یونین کے انتخابات کے انعقاد کی استدعا کی گئی ہے۔