تھانہ بنی کے علاقے قدیمی امام بارگاہ کے قریب لنڈے کے کپڑوں کے گودام میں آتشزدگی کے نتیجے میں سامان جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق رات گئے راولپنڈی قدیمی امام بارگاہ کے قریب لنڈے کے کپڑوں کے گودام میں آتشزدگی ہوئی، اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو 1122کی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیا، 12 ریسکیو اہلکاروں اور 5 ایمرجنسی سروسز گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا اور آگ پر قابو پایا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ گودام میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی جبکہ گودام کے اندر ایک 28 سالہ شخص جس کی شناخت نہ ہوسکی جل کر جاں بحق ہوگیا۔
ادھر پولیس نے آتشزدگی کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایس ایچ او تھانہ بنی انسپکٹر تہذیب الحسن کا کہنا تھا کہ گودام کے مالک کا نام شکیل معلوم ہوا ہے جو عید کی چھٹیوں کے باعث دکان بند کرکے اپنے گاؤں گیا ہوا ہے، آگ بظاہر شارٹ سرکٹ یا پھر کسی کے سگریٹ وغیرہ پھینکے سے لگی تاہم حتمی صورتحال تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی جبکہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے شخص کے متعلق پتہ چلا ہے کہ مفلوک الحال قسم کا آدمی تھا۔
ایس ایچ او بنی کا کہنا تھا کہ آتشزدگی اور جلنے کے باعث ہلاکت کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔