اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ اتوار کو اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے گرمی کے ستائے عوام کو سکون فراہم کیا تاہم ملک کے باقی علاقوں میں گرمی کا راج جاری رہا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، جیکب آباد میں پارہ 46 ڈگری تک پہنچا تھا جبکہ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش اسلام آباد کے علاقے سید پور ویلج میں ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم شام کو خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔