کھٹمنڈو: نیپال کےد ارالحکومت کھٹمنڈو کے مضافات میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دو بسیں دریا میں جاگریں، بسوں میں سوار65 مسافر لاپتا ہوگئے جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق جمعے کی صبح دارالحکومت کھٹمنڈو کے مغرب میں شمالٹر کے پہاڑی علاقے میں نرائن گھاٹ- مگلنگ ہائی وے پر جاتی دو مسافر بسیں پہاڑی تودے کی زد میں آکر نشیب میں بہتے دریا میں جاگریں۔
مقامی حکام کے مطابق بسوں میں کم از کم 65 مسافر سوار تھے جو مسلسل ہوتی بارشوں کے باعث بپھرے ہوئے دریا میں ڈوب کر لاپتا ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے۔ صرف تین مسافر تیرے ہوئے دریا کے کنارے پر آنے میں کامیاب ہوئے جنہیں مقامی افراد نے فوری اسپتال میں داخل کرادیا جہان ان کا علاج کیا جارہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی شمالٹر کی انتظامیہ نے لاپتا مسافروں کی تلاش کے لیے کوششوں کا آغازکردیا اور اس سلسلے میں فوج سے بھی مدد طلب کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق پہلی بس میں جو کھٹمنڈی سے گوڑ جارہی تھی، 41 مسافر تھے جبکہ بیرگنج سے کھٹمنڈو جانےو الی دوسری بس میں 24 لوگ سوار تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل برستی بارش کی وجہ سے لاپتا مسافروں کی تلاش میں مشکل پیش آرہی ہے، دوسری جانب علاقے میں دیگر مقامات پر بھی لینڈ سلائیڈنگ ہونے کے باعث سرچ آپریشن کے لیے ٹیموں کی نقل و حمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کے مطابق گذشتہ ماہ شروع ہونے والی مون سون بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات میں اب تک درجنوں اموات ہوچکی ہیں۔