اسلام آباد: عمان میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں مسجد میں فائرنگ کے متاثرین سے متعلق ایک ایمرجنسی ہاٹ لائن نے کام شرع کردیا جہاں سے لواحقین اور ورثا رابطہ کرسکتے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عمان کے علاقے وادی الکبیر میں مسجد میں فائرنگ کے واقعے کے بعد عمان میں پاکستانی سفیر علی عمران نے ہدایات جاری کی ہے کہ عمان میں موجود پاکستانی وادی الکبیر کی جانب نہ جائیں۔
پاکستان سفارت خانہ عمان کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے لیے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانہ بروقت معلومات کی فراہمی اور زخمی پاکستانیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مشغول ہے۔ لواحقین صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
یہ خبر پڑھیں : عمان؛ مسجد میں فائرنگ سے 2 پاکستانی سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی
عمان میں پاکستانی سفیر علی عمران نے خولہ اسپتال، ناہدہ اسپتال اور رائل اسپتال کا دورہ کیا۔ زخمیوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان سفارت خانہ عمان پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔