واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران اپنے نائب صدر کے نام کا اعلان کردیا جن کی اہلیہ بھارتی نژاد اوشا چلوکوری وانس ہیں۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ریپبلکن جماعت کی جانب سے نائب صدر کے لیے نامزد ہونے والے جے ڈی وانس کی اہلیہ اوشا چلوکوری بھارتی تارکین وطن والدین کی بیٹی ہیں۔
مضافاتی علاقوں میں پرورش پانے والی اوشا چلوکوری وانس نے ییل یونیورسٹی سے تاریخ میں بیچلر اور کیمبرج یونیورسٹی سے فلسفے میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔
انھوں نے ییل جرنل آف لاء اینڈ ٹیکنالوجی کے منیجنگ ایڈیٹر اور دی ییل لا جرنل کے ایگزیکٹو ڈیولپمنٹ ایڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دیں اور آج کل منگیر، ٹولس اینڈ اولسن لا فرم سے منسلک ہیں۔
ٹرمپ کے نامزد کردہ نائب صدر کی بھارتی نژاد اہلیہ اوشا وانس نے سپریم کورٹ کے جسٹس جان رابرٹس اور بریٹ کیوانا کے لیے کلرک کے طور پر قانونی میدان میں ایک ممتاز کیریئر بنایا ہے۔
بھارتی نژاد اوشا اور جے ڈی وانس کی پہلی ملاقات ییل لا اسکول میں ہوئی تھی اور 2014 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ اُن کے 3 بچے ہیں۔