اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ نااہل، نالائق اور بے رحم مینڈیٹ چور حکومت تاریخ کی سب سے بڑی عوام دشمن سرکار بن کر سامنے آئی ہے، عوام کے ووٹ سے محروم حکومت ہر وہ قدم اٹھا رہی ہے جس سے عوام کی زندگیاں مشکل سے مشکل ترین ہوتی جارہی ہیں، مہنگے ایندھن اور مہنگی ترین بجلی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور معیشت کا بھُرکس نکال دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ٹیکس کے نظام کو بہتر کرنے اور عوام کی آمدن اور قوّتِ خرید بڑھانے کی بجائے تیل اور بجلی کو ریاستی بھتّہ خوری کا کلیدی وسیلہ بنا دیا گیا ہے، تحریک انصاف کو سازش سے حکومت سے نکالا گیا تو پٹرول 150 روپے فی لیٹر میں دستیاب تھا۔
ترجمان کے مطابق عوام کے ووٹ سے عمران خان وزیراعظم تھے تو بجلی کا ایک یونٹ 17 روپے میں عوام کو مل رہا تھا، آج عوام کو پٹرول 275 جبکہ ڈیزل 284 روپے کے نہایت مہنگے داموں بیچا جا رہا ہے، بجلی کی فی یونٹ قیمت کو 17 روپے سے کئی گنا مہنگا کرکے 84 روپے تک پہنچا دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چوروں اور کٹھ پتلیوں کے ہاتھوں مہنگائی 11 فیصد سے 45 فیصد تک پہنچی جبکہ معاشی شرحِ نمو 6 فیصد سے گرتے گرتے صفر سے بھی نیچے گری، عوام کو لوٹنے، انہیں ووٹ کے حق سے محروم کرنے، لاقانونیت سے ان کے بنیادی حقوق غصب کرنے اور ان کی نمائندہ ملک کی سب سے بڑی جماعت کے خلاف سازشیں کرنے کے علاوہ مجرموں کے پاس مہنگائی کم کرنے اور معیشت کو پیروں پر کھڑا کرنے کی کوئی ترکیب موجود نہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ عوام ایک بڑی تحریک کی تیاری کررہے ہیں، اب سڑکوں پر نکلے تو چوروں، ڈاکوؤں اور مجرموں کے محاسبے کے بغیر واپس نہیں لوٹیں گے۔