17

غزہ میں اب کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

جینیوا: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پیر کو غزہ کی پٹی میں جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محصور علاقے میں کوئی بھی جگہ اب محفوظ نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں گوتریس نے غزہ میں جاری لڑائی اور اس میں ہونے والی جانی و مالی نقصام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’غزہ میں لڑائی اور تباہی کی انتہائی سطح ناقابل فہم اور ناقابل معافی ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ فریقین سیاسی ہمت اور عزم کا مظاہرہ کر کے تنازع کو حل کریں اور کوئی معاہدہ طے کرلیں۔

اس کے علاوہ گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ تمام فریقوں سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا احترام کریں اور ’’شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلیے اقدامات کریں‘‘۔

انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’میں آپ کو مزید بتا سکتا ہوں کہ ہم اور ہمارے انسانی ہمدردی کے شراکت دار ان خاندانوں کی مدد کرتے رہتے ہیں جو شمالی غزہ سے جنوب کے علاقوں میں بے گھر ہو رہے ہیں۔‘‘

اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ غزہ میں شہریوں کو انخلا کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور انہیں علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا جارہا ہے،اس وقت غزہ میں کوئی محفوظ جگہ نہیں، حتی کہ اسپتال، پناہ گزین کیمپ سب کو نشانہ بنایا جارہا ہے‘۔

فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک تقریباً 38,700 فلسطینی اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں جبکہ 89،000 سے زیادہ زخمی ہیں۔

اسرائیلی جارحیت کے نو ماہ سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد، غزہ کا وسیع علاقہ خوراک، صاف پانی اور ادویات کی شدید ناکہ بندی کے درمیان کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا ہے۔
اسرائیل پر بین الاقوامی عدالت انصاف میں نسل کشی کا الزام ہے، جس کے تازہ ترین فیصلے نے اسے جنوبی شہر رفح میں اپنی فوجی کارروائی کو فوری طور پر روکنے کا حکم دیا، جہاں 6 مئی کو حملہ کرنے سے پہلے 10 لاکھ سے زائد فلسطینیوں نے جنگ سے پناہ مانگی تھی۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں