کراچی: کراچی میں گزشتہ شب رواں ماہ کی دوسری گرم ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے، اس سے قبل یکم جولائی کو کم سے کم درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی میں گرم ترین رات کا ریکارڈ ٹوٹ گیا
شہر قائد گزشتہ ماہ سے شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے، جس کی وجہ سے شدید حبس اور موسم کی شدت سے شہری بے حال ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جولائی 2024ء کو کراچی میں گرم ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی، جس کے بعد آج 17 جولائی کی شب بھی شہر میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے ساتھ دوسری مرتبہ گرم ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: جون 2024 انسانی تاریخ کے گزشتہ تمام سالوں میں گرم ترین مہینہ قرار
اس سے قبل 2021ء اور 2022ء میں جولائی کے مہینے میں کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوچکا ہے۔
علاوہ ازیں 29 مئی کو کراچی میں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ ہوا تھا اور درجہ حرارت 41 ڈگری سے متجاوز ہوکر 45 ڈگری تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: 2024 گرم ترین سال ثابت ہوسکتا ہے، اقوام متحدہ
واضح رہے کہ یورپی موسمیاتی تبدیلی کے ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ جون 2024 کے درجہ حرارت نے انسانی تاریخ میں آنے والے تمام جون کے مہینوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ پچھلے سال 2023 کا جون ریکارڈ پر گرم ترین مہینہ تھا جس کے بعد جولائی تھا جو عالمی سطح پر سب سے زیادہ گرم مہینہ تھا۔
مزید پڑھیں: 2023 تاریخ کا گرم ترین سال قرار
قبل ازیں اقوام متحدہ کی جانب سے بھی خبردار کیا گیا تھا کہ گلوبل وارمنگ پر قابو پانے کے لیے ناکافی اقدامات کی وجہ سے 2024 گرم ترین سال ثابت ہوسکتا ہے جب کہ ناسا اور نیشنل اوشی اینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن (این او اے اے) نے سال 2023 کو بھی زمینی اور سمندروں کی سطح پر گرم ترین سال قرار دیا تھا۔