21

پاکستان گروہی اختلافات بھلا کر باطل کیخلاف اتحاد کا تقاضا کررہا ہے، وزیرداخلہ

 اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان گروہی اختلافات بھلا کر باطل کیخلاف اتحاد کا تقاضا کررہا ہے۔

یومِ عاشور کے حوالے سے اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ نواسۂ رسول امام حسینؓ نے اپنے اہل و عیال اور اصحاب کے ساتھ حق کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔ واقعہ کربلا حق و سچ کی سرفرازی و سربلندی کی عظیم ترین داستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کا فلسفہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ امام حسینؓ نے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی درس دیا ہے۔ نواسہ رسول امام حسینؓ نے باطل کے سامنے سر نہ جھکاکر دین اسلام کو زندہ رکھا۔ یہ دن ہمیں صبر و برداشت اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔

محسن نقوی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ امام حسینؓ کی شہادت صدائے انقلاب ہے جو ہر دور میں بلند ہوتی رہے گی۔ امام حسین ؓ کی زندگی پیغام دیتی ہے کہ راہ حق میں آنے والی تمام آزمائشوں کو برداشت کرنا چاہیے ۔ سب کو امام حسینؓ کی درخشاں تعلیمات پر عمل کرکے مذموم عزائم کے تحت سازش کرنے والی قوتوں کو خاک میں ملانا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ معرکہ کربلا پیغام دیتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار اور اصولوں کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ آج پاک وطن ہم سب سے گروہی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر باطل قوتوں کے خلاف یکجا ہونے کا تقاضا کر رہا ہے۔ ہمارا ہر عمل امام حسین ؓ کی تعلیمات کے مطابق ہوگا تو دشمن نفاق ڈالنے میں ناکام رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلاکی عظیم قربانیاں رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کوحوصلہ اور ولولہ عطاکرتی رہیں گی۔ نواسہ رسول اوران کے جانثاروں نے ثابت کردیا کہ یقین محکم اور مقصد نیک ہوتوراہِ حق میں آنے والے مصائب کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں اسوۂ حسینؓ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں