ریاض: سعودی عرب میں ہیروئن اسمگل کرنے کے جرم میں پاکستانی شہری کتاب گل کو سزائے موت دیدی گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی باشندے کتاب گل کو منشیات اسمگلنگ پر گرفتار کیا گیا تھا اور مقامی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔
پاکستانی شہری نے سزا کے خلاف اپیل کورٹ سے رجوع کیا جہاں سزا برقرار رکھی گئی اور پھر سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔ وہاں بھی سزائے موت کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے سزائے موت برقرار رکھنے اور پھر شاہی فرمان کے اجرا کے بعد منشیات فروش کتاب کی سزائے موت پر آج عمل درآمد کردیا گیا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے جس کی سزا موت ہے اور عمومی طور پر یہ سزا سر قلم کرکے دی جاتی ہے۔
تاہم کچھ عرصے سے سعودی عرب میں سزائے موت کے دیگر طریقوں کو بھی آزمایا گیا ہے۔