کراچی: قائم مقام ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب منہاس کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ، جاوید عالم اوڈھو ایک بار پھر نئے کراچی پولیس چیف ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے عمران یعقوب منہاس کو ایڈیشنل آئی جی کراچی کا اضافی چارج دیا گیا تھا جبکہ خادم حسین رند کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
سینٹرل پولیس آفس کے ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ حکومت سندھ کی اہم شخصیات سے ملاقات کے بعد جاوید عالم اوڈھو کو ایک مرتبہ پھر کراچی پولیس چیف تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جاوید عالم اوڈھو کو 2 جون 2022 کو کراچی پولیس چیف تعینات کیا گیا تھا، بعدازاں نگراں دور حکومت میں جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے ہٹا کر خادم حسین رند کو کراچی پولیس چیف تعینات کیا گیا تھا۔
بعدازاں سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت آنے کے بعد غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ تعینات کیا گیا تھا جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کا اضافی چارج ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عمران یعقوب منہاس کو دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اب سندھ حکومت نے جاوید عالم اوڈھو کو کراچی پولیس چیف تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔