کراچی: جمعرات کورواں ماہ کے دوران شہرمیں تیسری مرتبہ گرم ترین رات ریکارڈ ہوئی، کم سے کم پارہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے بند سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہوگئیں۔
جمعرات کوشہرمیں جولائی کے دوران تیسری گرم ترین رات ریکارڈ ہوئی اور کم سے کم درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، اس سے قبل رواں ماہ کے دوران بدھ کی صبح(17جولائی) جبکہ یکم جولائی کو بھی کم سے کم 32ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 2021 اور 2022 کے جولائی کا کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا چکا ہے، جمعرات کی صبح سے دوپہرکے دوران حبس کی صورتحال رہی، تاہم 2بجے دن کو سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہوئیں جن کی رفتار21 کلومیٹرفی گھنٹہ(12ناٹیکل مائل)ریکارڈ ہوئی۔
اس سے قبل10محرم الحرام(یوم عاشور) کوشہرمیں دن بھرہیٹ ویوجیسی صورتحال برقراررہی، جس کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب پورے دن 50فیصد رہا، درجہ حرارت اورنمی میں اضافے کا ہیٹ انڈیکس 56 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شہرمیں شدید حبس وگھٹن کے سبب شہریوں کے پسینے چھوٹ گئے، واضح رہے کہ شہرمیں جاری گرمی کی غیرمعمولی لہر(ہیٹ ویو)کی وجہ سے ہواکا کم دباؤ رہا،جس کی وجہ سے سمندرکی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں غیرفعال ہوئیں اوربلوچستان کی گرم ومرطوب شمال مشرقی ہوائیں شہرپراثراندازرہیں۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کےمطابق مون سون کا سلسلہ مسلسل سندھ میں داخل ہورہا ہے، شہرمیں جمعے اور ہفتے کو موسم گرم ومرطوب رہنے کے ساتھ شام تا رات ہلکی بارش وبونداباندی کا امکان رہےگا۔
دوروز کےدوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے37ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے،اگلے چندروزتک سمندری ہوائیں بحال رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،دیہی سندھ کے مختلف اضلاع بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔
جمعرات کوسب سے زیادہ درجہ حرارت خیرپورمیں 45.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،جیکب آباد میں جولائی کے معمول کے درجہ حرارت سے4.8ڈگری اضافی 45ڈگری جبکہ ٹھٹھہ میں معمول کے درجہ حرارت سے 6.6ڈگری اضافے کے بعد پارہ 41ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
The post کراچی؛ جمعرات کو تیسری گرم ترین رات ریکارڈ، جمعے کو ہلکی بارش کا امکان appeared first on ایکسپریس اردو.