ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ نے سوریا کمار یادو کو ٹی 20 ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے بعد اب بھارت کی ٹی 20 ٹیم کی قیادت سوریا کمار یادو کریں گے جبکہ شبمن گل مختصر ترین فارمیٹ میں سوریا کے نائب ہوں گے، روہت شرما ون ڈے میں ٹیم کی کپتانی جاری رکھیں گے۔
بی سی سی آئی نے جمعرات کو سری لنکا کے خلاف 27 جولائی سے شروع ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں ہرشیت رانا اور ریان پراگ کو پہلی بار ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
بھارتی ٹیم سری لنکا کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی 26 جولائی، دوسرا 27 جولائی اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 29 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ یہ تمام ٹی ٹوئنٹی میچز پالی کیلے میں کھیلے جائیں گے۔
اس کے بعد دونوں ٹیمیں ون ڈے سیریز کے لیے کولمبو روانہ ہوں گی جہاں تینوں ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے، ون ڈے سیریز یکم اگست سے شروع ہوگی۔ دوسرا اور تیسرا ون ڈے بالترتیب 4 اور 7 اگست کو کھیلا جائے گا۔ نئے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی نگرانی میں یہ بھارتی ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔
ٹی 20 اسکواڈ: سوریا کمار یادو (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، رنکو سنگھ، ریان پراگ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکسر پٹیل، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، ارشدیپ سنگھ، خلیل احمد، محمد سراج۔
ون ڈے اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ویراٹ کوہلی، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، شریاس آئیر، شیوم دوبے، کلدیپ یادو، محمد سراج، واشنگٹن سندر، ارشدیپ سنگھ، ریان پراگ، اکسر پٹیل، خلیل احمد، ہرشیت رانا۔