پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار نعمان اعجاز نے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی مہنگی ترین شادی پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا ہے۔
ایشیا کے امیر ترین بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی طویل عرصے سے جاری شادی اختتام پذیر ہوگئی ہے۔
7 ماہ قبل شروع ہونے والی اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات 14 جولائی تک ممبئی میں جاری رہیں جن میں بالی ووڈ اسٹارز اور بھارتی کرکٹرز سمیت دُنیا بھر کی شوبز اور بااثر شخصیات نے شرکت کی۔
بھارت کی اس عالیشان اور مہنگی ترین شادی کے جہاں سوشل میڈیا سمیت عالمی میڈیا پر خوب چرچے ہیں تو وہیں بہت سی مشہور شخصیات نے مکیش امبانی پر تنقید بھی کی ہے۔
مزید پڑھیں: آپ کے بیٹے کی شادی کب ختم ہوگی؟ مشی خان کا مکیش امبانی سے سوال
ان شخصیات کا کہنا ہے کہ دُنیا بھر میں بڑھتی غربت کی وجہ سے جہاں لوگ بھوک سے مررہے ہیں تو وہیں مکیش امبانی اپنی دولت کی ضرورت سے زیادہ نمائش کررہے ہیں۔
اب پاکستان کے سینیئر اداکار نعمان اعجاز نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مکیش امبانی کے مخالفین کی تنقید پر ردعمل دیا ہے۔
نعمان اعجاز نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی تصویر پوسٹ کی جس میں اُنہیں ہمیشہ کی طرح مُسکراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکار نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں ایک بات میں سمجھ نہیں پا رہا کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی پر تنقید کرنے والے یہ لوگ کون ہیں؟
مزید پڑھیں: امبانی کی شادی نے مشی خان اور صبا فیصل کو آپس میں لڑوادیا
اُنہوں نے کہا کہ لوگ امبانی کی شادی پر تنقید کرنا چھوڑ دیں کیونکہ یہ اُن کی شادی، ان کی خوشی اور ان کا پیسہ ہے لہٰذا انہیں اپنی زندگی سے لطف اندوز ہونے دیں۔
نعمان اعجاز نے کہا کہ اگر آپ امبانی کی خوشی میں خوش نہیں ہوسکتے ہیں تو پھر اُنہیں نظر انداز کریں، اپنی رائے دینا اور تنقید کرنا درست نہیں۔
سینیئر اداکار نے تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ آپ دعا کریں کہ آپ بھی ایک دن اتنے امیر ہو جائیں کہ ایسی شادی کر سکیں۔