ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ودیا بالن کی پاکستانی ڈرامے کے ڈائیلاگز پر لپسنگ کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہنے والی اداکارہ ودیا بالن اکثر اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی مزاحیہ ویڈیوز بناکر پوسٹ کرتی ہیں۔
ودیا بالن کی مزاحیہ ویڈیوز کو نہ صرف مداحوں کی جانب سے پسند کیا جاتا ہے بلکہ اُن کی ویڈیوز بھارت سمیت پاکستان میں بھی خوب وائرل ہوتی ہیں۔
اب حال ہی میں ودیا بالن نے معروف پاکستانی ڈرامہ سیریل ‘لاپتہ’ کے ڈائیلاگز پر لِپسنگ کی جس میں اُنہوں نے بھارتی زبان بھوجپوری کا تڑکا بھی دیا۔
ودیا بالن نے پاکستانی اداکارہ سارہ خان اور اداکار علی رحمٰن کے ڈائیلاگز پر لِپسنگ کرتے ہوئے آخر میں بھوجپوری زبان میں اس کا طنزیہ جواب بھی دیا۔
سنجیدہ ڈائیلاگز پر بھوجپوری زبان کا تڑکا لگا کر ودیا بالن نے مداحوں کو ہنسنے پر مجبور کردیا اور ساتھ ہی مداحوں کی جانب سے خوب تعریفیں بھی سمیٹیں۔