کراچی: ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ کی تاریخ میں پاکستان ٹیم 10 وکٹوں سے میچ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
منگل کو رنگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی۔
پاکستان نے یو اے ای کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ یو اے ای نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کیلئے 104 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی گل فیروزہ اور منیبہ علی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 14.1 اوورز میں ہی ہدف حاصل کرلیا۔
گل فیروزہ 62 رنز جبکہ منیبہ 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔ پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال، نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن نے دو دو جبکہ کپتان ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ویمنز ٹیم ایشیا کپ کی تاریخ میں 10 وکٹوں سے میچ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر پاکستان کی یہ دوسری 10 وکٹوں کی فتح ہے، اس سے قبل پاکستان نے 11 سال قبل آئرلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔