کراچی: آئی سی سی کے ٹاپ آفیشلز کی کرسیاں ہلنے لگیں، حالیہ ٹی 20 ورلڈکپ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا معاملہ سنگین ہوگیا۔
3 رکنی کمیٹی کو شفاف تحقیقات کیلیے فری ہینڈ مل گیا، امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ایونٹ کا فرانسک آڈٹ بھی کرایا جاسکتا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گڑبڑ ثابت ہونے پر چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس کی بھی چھٹی ہوسکتی ہے، گورننگ کونسل کا ایک اور کلچرل ریویو بھی ممکن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے حالیہ بورڈ میٹنگ میں متفقہ طور پر امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقد ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے مالی معاملات کی مکمل تحقیقات کی منظوری دی، اس کیلیے 3 رکنی کمیٹی قائم کی گئی جس میں روجر ٹوز، لاسن نائیڈو اور عمران خواجہ شامل ہیں۔
اس کمیٹی کو جامع تحقیقات کیلیے فری ہینڈ دے دیا گیا، آئی سی سی ممبران کو شک ہے کہ اس ورلڈکپ میں کچھ نہ کچھ تو گڑبڑ ہوئی ، اسی لیے وہ مکمل تحقیقات چاہتے ہیں،غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسک آڈٹ کیلیے کسی بیرونی کمپنی کی بھی خدمات لی جاسکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی اجلاس؛ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی شرکت کا معمہ حل نہ ہو سکا
ٹورنامنٹ کے حوالے سے ہونے والی ایک ایک ٹرانزیکشن کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی سی سی ممبران اس حوالے سے واضح ہیں کہ اگر ٹورنامنٹ میں کسی مالی بے ضابطگی کا ثبوت ملا تو پھر چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس کو ذمہ داری سے مستعفی ہونے پڑے گا۔
حال ہی میں ایونٹ ہیڈ کرس ٹیٹلی اور مارکیٹنگ و کمیونیکیشن ہیڈ کلیئر فرلونگ کے استعفے سامنے آئے تھے، بورڈ چاہتا ہے کہ ان تحقیقات میں کسی قسم کی بھی کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ ٹی 20 ورلڈکپ کی تحقیقات کے ساتھ آئی سی سی کے ایک اور کلچرل ریویو کا بھی امکان ہے۔
اسی قسم کا ایک ریویو معروف برطانوی فرم کی جانب سے 2021 میں کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں چیف ایگزیکٹیو مانو سواہنے کی چھٹی ہوئی تھی، تب فرم کی رپورٹ صرف آئی سی سی بورڈ ممبران کے ساتھ شیئر کی گئی تھی تاہم بعد میں رپورٹ غائب ہوگئی ،کونسل یا کسی بھی بورڈ ممبر کی جانب سے اس پر کوئی بات نہیں کی گئی۔
ایک اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ضرورت معاملات کو بہتر کرنے کے ساتھ اس بات کو یقینی بنانے کی ہے کہ آئی سی سی درست سمت میں گامزن رہے، ہر معاملے میں شفافیت بہت ضروری ہے، ٹی 20 ورلڈکپ کے آڈٹ اور کونسل کے ریویو پر تمام اسٹیک ہولڈر گہری نظر رکھیں گے،یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ہونے والے ورلڈکپ نے آئی سی سی کے بہت سے معاملات پر سوال اٹھادیے ہیں۔