18

پیرس گیمز، ہوشربا افتتاحی تقریب سے پردہ اٹھنے کو تیار

(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

  کراچی: پیرس گیمز کی ہوشربا افتتاحی تقریب سے پردہ اٹھنے کو تیار ہے، جمعے کو دریائے سین میں رنگ و نور کا طوفان برپا ہوگا، ایتھلیٹس اور فنکار مل کر کھیلوں کے سب سے بڑے میلے  کا جشن منائیں گے، دریا کی موجوں پر 6 کلومیٹر تک پریڈ ہوگی، خصوصی بوٹس پر سوار ایتھلیٹس اولمپک وینیوز کا بھی نظارہ کریں گے، تقریب کی تفصیل اور بڑے فنکاروں کے نام خفیہ رکھے گئے ہیں، سب سے پہلے یونان کا دستہ موجود ہوگا، پاکستان کا 140 واں نمبر ہے، گولڈ میڈل کی امید ارشد ندیم سبزہلالی پرچم اٹھائیں گے، سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے  گئے ہیں، 30 ہزار تماشائی رنگارنگ تقریب کا نظارہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پیرس گیمز کی افتتاحی تقریب جمعے کو منعقد ہورہی ہے، اس سے نئی تاریخ رقم ہوجائے گی، یہ پہلا موقع ہے جب یہ کسی اسٹیڈیم کے بجائے آؤٹ ڈور اور وہ بھی دریا میں سجائی جارہی ہے اس کیلیے درجنوں بوٹس استعمال ہوں گی، تقریب میں 10 ہزار سے زائد ایتھلیٹس، درجنوں عالمی سیاسی شخصیات اور سیکڑوں فنکار شریک ہوں گے۔

دریا میں 6 کلومیٹر پریڈ کیلیے خصوصی فلوٹ تیار کیے گئے، اس تقریب میں کئی سرپرائز ہو سکتے ہیں، بڑے فنکاروں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے تاہم کچھ سپر اسٹارز کے نام زیرگردش ضرور ہیں، ان میں آر اینڈ بی سنگر آیا نکمورا بھی شامل ہیں،ان کے نام کی تصدیق فرنچ صدر نے کی تھی، اسی طرح چند روز قبل لیڈی گاگا بھی پیرس پہنچ چکی ہیں مگر ان کے پرفارم کرنے کی تصدیق نہیں ہوسکی،

منتظمین پہلے ہی کہہ چکے کہ فنکار اور ایتھلیٹس مل کر گیمز میں جشن منائیں گے، سیلین ڈیون کی 4 برس بعد لائیو پرفارمنس کی بھی افواہیں گردش کررہی ہیں، تقریب کیلیے سیکڑوں ڈانسرز کی خدمات حاصل کی جاچکی ہیں، خصوصی فلوٹس ایفل ٹاور کے سامنے سے گزریں گی، 91 نیشنل دستوں کو ایک ایک فلوٹ دیا جائے گا۔

پریڈ میں سب سے آگے یونان کا دستہ ہوگا، اس کی وجہ وہاں سے اولمپک گیمز کا صدیوں پہلے آغاز ہونا ہے، اس کے بعد میزبان ملک کی قومی زبان کے لحاظ سے ٹیمیں شریک ہوں گے، دوسرے نمبر پر پناہ گزین اولمپک ٹیم، اس کے بعد افغانستان، پھر جنوبی افریقہ کے دستے نمودار ہوں گے،

پاکستانی دستہ 140 ویں نمبر پر ہوگا، گیمز میں ملکی گولڈ میڈل کی واحد امید نیزے باز ارشد ندیم سبز ہلالی پرچم تھامے ہوں گے، بھارتی دستہ 84 ویں نمبر پر ہوگا، سب سے آخر میں میزبان فرانس، سیکنڈ لاسٹ پر اگلے اولمپکس کا میزبان امریکا ، اس سے پہلے 2032 اولمپکس کا میزبان آسٹریلیا کا دستہ ہوگا۔

مہمانوں میں امریکی خاتون اول سمیت کئی ممالک کے اعلیٰ حکام موجود ہوں گے،  صرف 30 ہزار تماشائیوں کو تقریب میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے، سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، مسلسل فضائی نگرانی کی جاتی رہے گی، پریڈ کے راستے میں شارپ شوٹرز بھی تعینات ہوں گے۔ گیمز کے بعد مقابلوں کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا، پیرس گیمز کا سب سے پہلا میڈل ہفتے کے روز 10 ایم  ایئر رائفل مکسڈ ٹیم شوٹنگ ایونٹ میں دیا جائے گا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں