8

ہدایتکار عاصم عباسی کا اپنی سیریز ‘برزخ’ میں ہم جنس پرستی دکھانے کا دفاع

فوٹو : ویب ڈیسک

فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستانی ہدایتکار عاصم عباسی نے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ کے لیے بنائی گئی اپنی سیریز ‘برزخ’ میں ہم جنس پرستی کے مناظر دکھانے کا دفاع کردیا۔

عاصم عباسی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں سیریز ‘برزخ’ کے ہم جنس پرست کردار کی تصویر شیئر کی جس پر ایک صارف نے ہدایتکار کو مشورہ دیا کہ آپ شائقین کے جذبات کو مزید نہیں بھڑکائیں کیونکہ اس کردار کی وجہ سے شائقین سیریز ‘برزخ’ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔

صارف نے کہا کہ آپ آرٹ کے نام پر غلط کام کو فروغ نہ دیں، آپ نے اپنی سابقہ سیریز ‘چڑیلز’ میں بھی متنازع کردار دکھائے تھے اور اب آپ نے ‘برزخ’ میں وہی کیا ہے، آپ اپنے متنازع کرداروں کا دفاع نہ ہی کریں تو بہتر ہے۔

عاصم عباسی نے صارف کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے ‘برزخ’ میں ہم جنس پرستی کا منظر دیکھا ہے اور آپ کو اُس منظر سے مسئلہ ہے تو براہِ کرم! آپ میری ویب سیریز نہ دیکھیں۔

مزید پڑھیں: انتظار کی گھڑیاں ختم! فواد خان اور صنم سعید کی بھارتی ویب سیریز ‘برزخ’ ریلیز

ہدایتکار نے اُن کی سیریز پر تنقید کرنے والوں کا طنزیہ انداز میں شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی ’برزخ‘ کی بھارتی پروڈیوسر سمیت ٹیم کے دیگر ارکان کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میری ٹیم ہر انسان کے جذبات کا احترام کرتی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں ہر طرح کے افراد کو یکساں حقوق فراہم کرنے پر یقین رکھتا ہوں اور اپنے آرٹ کے ذریعے بھی یہی پیش کرتا ہوں۔

ہم جنس پرستی کے مناظر کا دفاع کرنے پر عاصم عباسی کو سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز ‘برزخ’ کی تیسری قسط میں دو مرد کرداروں کے درمیان رومانوی مناظر اور رغبت دکھائی گئی تھی۔

پاکستانی ہدایت کار عاصم عباسی کی تحریر کردہ اور بنائی گئی ویب سیریز ‘برزخ’ کو بھارتی پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے اور اس سیریز کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں