ممبئی: ماضی میں بالی ووڈ کو کامیاب فلمیں دینے والی معروف اداکارہ کرشمہ کپور نے شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کی خصوصیات کے بارے میں بتا دیا۔
کرشمہ کپور کا شمار اُن بالی ووڈ اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے تینوں خانز کے ساتھ فلموں میں کام کیا ہے، اداکارہ نے سال 1996 میں عامر خان کے ساتھ فلم ‘راجا ہندوستانی’، سال 1997 میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ‘دل تو پاگل ہے’ اور سلمان خان کے ساتھ فلم ‘جڑواں’ میں ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا۔
اب حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کرشمہ کپور نے بالی ووڈ خانز کے کام کرنے کے تجربے اور اُن کی خصوصیات کے بارے میں بات کی۔
کرشمہ کپور نے کہا کہ ہم سب اداکار ایک ساتھ ہی بڑے ہوئے ہیں اور ہم نے ساتھ ہی بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا لیکن ان تینوں خانز کی منفرد بات یہ ہے کہ ان کا کام کرنے کا انداز ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہے اور تینوں ہی خاص شخصیت کے مالک ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر میں سلمان خان کی بات کروں تو وہ مذاق مستی والے انسان ہیں، وہ کافی خوش مزاج شخصیت کے مالک ہیں لیکن کام کے دوران کافی سنجیدہ نظر آتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان اپنا کام بہت لگن سے کرتے ہیں، وہ بہت محنتی بھی ہیں اور اُن کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ اپنے ساتھی اداکاروں کو ڈائیلاگز اور کردار کے حوالے سے کام سیکھاتے ہیں۔
کرشمہ کپور نے مزید کہا کہ عامر خان تو واقعی میں مسٹر پرفیکشنسٹ ہیں، مجھے اُن کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔