کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ صدر، گلشن اقبال ،گلستان جوہر، ائیرپورٹ، لیاقت آباد، کھڈا مارکیٹ، لیاری قائد آباد ملیر ہالٹ سمیت دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہ سکتا ہے۔ بارش گزشتہ مون سون سسٹم کے زیر اثر ہورہی ہے جبکہ خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ایک نیا مون سون سلسلہ ملک میں بتدریج داخل ہو رہا ہے۔اگلے 2 سے 3 روز کے دوران کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں 5 سے 7 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور تیز بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھاربارش ہوسکتی ہے۔