کوالا لمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایک تعزیتی آڈیو اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھی جسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی انتظامیہ نے ہٹا دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے فیس بک انتظامیہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہنیہ سے متعلق میری پوسٹ کو ہٹانا ایک بزدلانہ حرکت ہے۔
یہ خبر پڑھیں : تہران میں اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت
اس حوالے سے ملائیشیا کے وزیر مواصلات فہمی فاضل نے بتایا کہ فیس بک کمپنی ‘میٹا’ سے پوسٹ ہٹانے کی وجہ پوچھی لیکن تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا اور نہ پوسٹ ہٹانے سے قبل خبردار کیا گیا تھا۔
ملائیشیا فلسطین کاز کا حامی ملک ہے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے دوماہ قبل دوحا میں اسماعیل ہنیہ سے ملاقات بھی کی تھی۔
یہ خبر بھی پڑھیں : اسرائیل کا بڑا دعویٰ؛ حماس کے فوجی سربراہ محمد ضیف بھی فضائی حملے میں شہید
خیال رہے کہ فیس بک کمپنی ‘میٹا’ نے حماس کو خطرناک تنظیم قرار دے رکھا ہے اور حماس کی حمایت اور تعریف میں کیے گئے مواد پر پابندی لگا رکھی ہے۔
واضح رہے کہ تہران میں اسماعیل ہنیہ کو فضائی حملے میں اُس وقت شہید کردیا گیا جب وہ نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد واپس ہوٹل پہنچے تھے۔ حملے میں ان کا محافظ بھی شہید ہوگیا تھا۔