واشنگٹن: امریکا نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد مشرق وسطیٰ میں مزید فوج بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔
ایک امریکی اخبار کی خبر کے مطابق امریکا نے یہ فیصلہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے امریکی صدر جو بائیڈن کے ٹیلیفونک رابطے کے بعد کیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکا اسرائیل کو مزید بیلسٹک میزائل کے علاوہ دفاعی سامان بھیجے گا جو ڈرون حملوں کے خلاف موثر ہتھیار ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ امریکا نے طیارہ بردار جہاز روز ویلٹ بھی خلیج فارس کی طرف روانہ کر دیا ہے جو اسرائیل پر کسی بھی حملے کی صورت میں براہ راست کارروائی کرے گا۔
عرب میڈیا نے اپنی خبر میں بتایا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد امریکا کے جاسوس طیاروں نے اسرائیل، شام اور لبنان کے ساحلی علاقوں میں اپنے گشت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔