ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے کیس میں ایک بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چند روز قبل ممبئی کی خصوصی عدالت نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی اور اُن کے گینگ کے ایک اہم رُکن روہت گوڈیرا کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔
ممبئی پولیس نے انمول بشنوئی اور روہت گوڈیرا کو چارج شیٹ میں بھی نامزد کیا تھا، اب اس چارج شیٹ میں شوٹرز کو سلمان خان کے قتل کے لیے دی گئی رقم کے حوالے سے اہم انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ممبئی کرائم برانچ کی جانب سے عدالت میں جمع کروائی گئی چارج شیٹ کے مطابق گینگسٹر لارنس بشنوئی نے سلمان خان کے قتل کے لیے اجرتی شوٹرز کو 20 لاکھ بھارتی روپے کی ادائیگی کی تھی۔
چارج شیٹ میں بتایا گیا کہ لارنس بشنوئی نے 6 اجرتی شوٹرز کو سلمان خان کے قتل اور اُن کی رہائش گاہ پر فائرنگ کا ٹاسک دیا تھا۔
مزید پڑھیں: ‘آپ تاریخ لکھیں گے’، سلمان خان ہاؤس پر فائرنگ سے قبل گینگسٹر کی شوٹرز سے تقریر
اس سے قبل چارج شیٹ میں بتایا گیا تھا کہ انمول بشنوئی نے فون کال کے ذریعے شوٹر وکی گپتا اور ساگر پال سے 9 منٹ تک تقریر کی تھی۔
1735 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ کے مطابق انمول بشنوئی نے شوٹرز سے کہا تھا کہ وہ سلمان خان کی رہائش گاہ پر حملے کا کام اچھی طرح سے کریں، یہ کام مکمل ہونے کے بعد، آپ لوگ تاریخ لکھیں گے۔
چارج شیٹ میں بتایا گیا تھا کہ انمول بشنوئی نے یہ کہہ کر وکی گپتا اور ساگر پال کی حوصلہ افزائی کی تھی کہ وہ یہ حملہ کرکے ‘مذہبی کام’ سرانجام دیں گے۔
واضح رہے کہ 14 اپریل کی صبح 5 بجے ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر موٹر سائیکل سوار 2 مسلح افراد نے تین راؤنڈز فائرنگ کیے تھے اور پھر دونوں افراد فرار ہوگئے تھے۔
بعدازاں، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا، دورانِ تفتیش معلوم ہوا تھا کہ فائرنگ کے پیچھے گینگسٹر لارنس بشنوئی کا ہاتھ ہے۔