ڈبلن: سابق یو ایف سی چیمپئن میک گریگر 2 سال کے لیے ڈرائیونگ پر پابندی کے باعث حال ہی ہونے والے پہلوانی کے مقابلے میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میک گریگر کو دوسری بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گرفت ہوئی ہے۔ اس سے قبل 2018 میں بھی گاڑی چلاتے ہوئے موبائل کا استعمال اور غلط پارکنگ پر انھیں 6 ماہ معطلی کی سزا ہوئی تھی۔
تاہم اس بار انھیں 2 سال کے لیے ڈرائیونگ پر پابندی، 5 ماہ کی معطل قید کی سزا اور مجموعی طور پر 6 ہزار 493 ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
انھیں یہ سزا مارچ 2022 میں ڈبلن کی انٹرچینج پر اپنی مہنگی ترین گاڑی کو تیز رفتاری اور انتہائی لاپروائی سے چلانے پر دی گئی۔
5 ماہ کی معطل قید کی سزا اور ڈرائیونگ پر پابندی کے باعث میک گریگر کی رِنگ میں واپسی مشکل ہوگئی جہاں ان کا مقابلہ مائیکل چانڈلر سے ہونا تھا۔
یہ لڑائی 2021 میں یو ایف سی میں ڈسٹن پوئیریر سے شکست کے بعد میک گریگر کی پہلی لڑائی ہوتی۔
عدالتی فیصلے کے باعث آکٹاگون میں لڑائی کے ملتوی ہونے پر میک گریگر نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ یو ایف سی نے میک گریگر کی واپسی کے لیے لڑائی کی نئی تاریخ پر بات چیت شروع کر دی ہے اور ممکن ہے اب یہ لڑائی 14 دسمبر کو ہو تاہم ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔