کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنے مرحوم شوہر کے لیے سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
شگفتہ اعجاز نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے مرحوم شوہر یحییٰ صدیقی کی یادگار ویڈیو پوسٹ کی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کے شوہر بڑے ہی پیار اور شفقت سے اپنی بیٹی کے بال بنا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: شگفتہ اعجاز کے شوہر انتقال کرگئے
اداکارہ نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے اپنے مرحوم شوہر کے لیے کہا کہ آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
اس پوسٹ پر شگفتہ اعجاز کے چاہنے والوں کی جانب سے اُن کے شوہر کی مغفرت کے لیے دُعا کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی پچھلے 5 برسوں سے کینسر میں مبتلا تھے اور گزشتہ ہفتے 12 ستمبر کو انتقال کرگئے تھے۔
شگفتہ اعجاز اور یحییٰ صدیقی کی یہ دوسری شادی تھی، دونوں کی پہلی شادیوں سے دو دو بچے ہیں جبکہ ان دونوں کی دو مشترکہ بیٹیاں بھی ہیں۔