فیصل آباد: چیمپئنز ون ڈے کپ میں مارخورز نے مسلسل تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے چھٹے میں محمد رضوان کی مارخورز نے سعود شکیل کی ڈولفنز کو 92 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ میں ڈولفنز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ مارخورز نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے اور ڈولفنز کو جیت کیلئے 285 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں ڈولفنز کی پوری ٹیم 43.5 اوورز میں 192 رنز بناسکی۔ ڈولفنز کی طرف سے آصف علی نصف سنچری اور کپتان سعود شکیل 41 رنز بناکر نمایاں رہے۔
قبل ازیں مارخورز کی طرف سے کامران غلام نے 113 اور کپتان محمد رضوان نے 51 رنز اسکور کیے تھے۔
ڈولفنز کے فہیم اشرف نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارخورز کی طرف سے محمد عمران اور سلمان آغا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ مارخورز کی یہ رواں ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری فتح ہے جبکہ ڈولفنز کو اپنے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔