لاہور: پاکستان کے معروف فلمساز ندیم بیگ نے کہا ہے کہ فلم اسٹار ہمایوں سعید اپنی جسامت، شخصیت اور اداکاری کی وجہ سے بالی ووڈ خانز شاہ رخ، سلمان اور عامر خان سے زیادہ بہتر اداکار ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران میزبان عفت عُمر نے ندیم بیگ سے پوچھا کہ کیا وہ ہمایوں سعید کے ساتھ ایکشن فلم کرنے والے ہیں؟ جس پر اُنہوں نے کہا کہ ہاں! میں اُن کے ساتھ ایکشن فلم کرنے والا ہوں۔
فلمساز کا جواب سُن کر عفت عُمر نے کہا کہ اب مداح ہمایوں سعید کو بھی سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کی طرح فِٹ اور ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔
ندیم بیگ نے میزبان کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ اگر میں سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کو نہیں جانتا ہوتا اور میرے سامنے تینوں بالی ووڈ خانز کے ساتھ ہمایوں سعید کو کھڑا کیا جاتا تو بطورِ فلمساز میں اپنی فلم کے لیے ہمایوں کو کاسٹ کرتا۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمایوں سعید کی فٹنیس، شخصیت، اداکاری اور جسامت، تینوں بالی ووڈ خانز سے زیادہ اچھی ہے، اسی لیے میرا انتخاب ہمایوں ہوتے۔
فلمساز نے کہا کہ سلمان، شاہ رخ اور عامر خان ماضی میں رومانوی ہیروز بن کر سامنے آئے تھے لیکن اب رومانوی فلموں کا دور ختم ہوچکا ہے، اسی وجہ سے اب یہ خانز ایکشن فلمیں کررہے ہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں مل رہی۔
ندیم بیگ نے کہا کہ سلمان خان کو اپنی جسامت کی وجہ سے ایکشن فلموں میں کامیابی ملی ہے، شاہ رخ خان بھی محنت کررہے ہیں لیکن عامر خان ایکشن فلموں میں اچھے نہیں لگتے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر میرے پاس بالی ووڈ خانز کی فلموں جتنا بجٹ ہو تو میں ہمایوں کے ساتھ ایسی ایکشن فلم بناؤں گا کہ وہ سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔