ممبئی: بھارتی گلوکار میکا سنگھ بشنوئی گینگ کے خلاف سپر اسٹار سلمان خان کے حق میں سامنے آگئے ہیں۔
ان دنوں سلمان خان کو بشنوئی گروپ کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کا معاملہ عروج پر ہے۔ اور سلمان کے قریبی دوست بابا صدیقی کے قتل کے بعد شوبز کی اکثر شخصیات اس معاملے پر چپ سادھے ہوئے ہیں۔
اس کڑے وقت میں میکا سنگھ نے سلمان خان کی حمایت میں اپنے کنسرٹ کے دوران سرعام بشنوئی گروپ کو للکارا ہے۔
ممبئی میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران میکا سنگھ نے اپنے مشہور گانے ’’گنپت‘‘ کے شعر میں تھوڑی سی تبدیلی کرکے سلمان خان کو مخاطب کیا کہ ’’بھائی ہوں میں بھائی، تو فکر نہ کر‘‘۔
اس کے بعد میکا سنگھ نے گانے کے بول کے ذریعے لارنس بشنوئی کو کھلے الفاظ میں دھمکی بھی دی کہ وہ غلطی سے بھی سلمان خان کےلیے غلط قدم اٹھانے کی جرأت نہ کرے۔
میکا سنگھ کا یہ عمل سلمان خان سے ان کی گہری دوستی کی عکاسی کے ساتھ یہ پیغام بھی دے رہا ہے کہ اس مشکل وقت میں وہ سلمان خان کے ساتھ ہیں۔