بالی وڈ کی معروف فلم ویر زارا، جس میں شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، اپنی ریلیز کے 20 سال مکمل ہونے پر دوبارہ سینما اسکرین پر آنے کے لیے تیار ہے۔
یَش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی یہ فلم 7 نومبر کو شمالی امریکہ، مشرق وسطیٰ، برطانیہ، یورپ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ملائیشیا، سنگاپور اور جنوبی افریقہ میں دوبارہ نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم کے ایک قریبی ذریعہ کے مطابق، اس بار شائقین کو “ویر زارا” میں وہ حذف شدہ گانا “یہ ہم آ گئے ہیں کہاں” بھی دیکھنے کو ملے گا، جو پہلے فلم کے طویل ہونے کی وجہ سے کاٹ دیا گیا تھا۔
یہ گانا صرف ڈی وی ڈی ورژن میں شامل کیا گیا تھا، لیکن اب پہلی بار اسے بڑی اسکرین پر دیکھنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
ماہ نومبر 2024 شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ 2 نومبر کو وہ اپنی 59 ویں سالگرہ منائیں گے، جس کے بعد “ویر زارا” کی دوبارہ ریلیز ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ 22 نومبر کو ان کی ایک اور کامیاب فلم کرن ارجن بھی دوبارہ دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔