40

عالیہ بھٹ اور فواد خان کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں، کاشف نثار


لاہور:

ڈائریکٹر کاشف نثار نے حال ہی میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری اور بالی ووڈ میں کچھ باصلاحیت اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

کابلی پلاؤ اور مشہور ڈرامہ رانجھا رانجھا کردی کے ہدایتکار کاشف نثار عفت عمر کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ وہ مستقبل میں کس کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔

جس پر ہدایتکار کا کہنا تھا کہ ان کی بڑی خواہش ہے کہ وہ عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کریں، ان کا کہنا تھا کہ عالیہ جس طرح کردار نبھاتی ہیں وہ متاثر کن ہے، وہ اسکرپٹ کو اچھی طرح سمجھتی ہے اور جانتی ہے کہ کس کردار کو کس طرح نبھانا ہے۔ وہ جانتی ہے کہ کون سا ایکسپریشن کب استعمال کرنا ہے، عالیہ ذہین لڑکی ہے۔

وہ جس مرد اداکار کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے، رانجھا رانجھا کردی کے ڈائریکٹر نے کہا، میں فواد خان کے ساتھ کام کرنا چاہتا تھا، لیکن مجھے کبھی موقع نہیں ملا۔

عفت عمر نے کاشف نثار سے ان کے بہترین کام کے حوالے سے سوال کیا جو انہیں سب سے زیادہ پسند ہے، جس پر ہدایتکار کا کہنا تھا کہ ’مجھے اپنا کوئی بھی کام پسند نہیں ہے کیونکہ جب میں اسے چھ ماہ بعد دیکھتا ہوں تو وہ اچھا نہیں محسوس ہوتا‘۔

ہدایتکار کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں جس پروجیکٹ کا انہوں نے مزہ لیا وہ ‘کابلی پلاؤ’ تھا، انہوں نے کہا کہ ’مجھے زندگی نگر میں سہیل صاحب کے ساتھ طویل عرصے کے بعد کام کرنے کا مزہ آیا، اور مجھے ‘من جوگی’ بھی بہت پسند آیا۔ مجھے اس قسم کے پراجیکٹس پر کام کرنا پسند ہے‘۔

واضح رہے کہ کاشف نثار پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے مشہور ہدایتکار ہیں کاشف نثار نے متعدد ڈراموں کی ہدایت کاری کی ہے، جن میں فصیل جان سے آگئے، میں، اے رنگریزہ، رقیب سے، زندگی نگر، کابلی پلاؤ، اور حال ہی میں، انہوں نے من جوگی کی ہدایت کاری کی ہے۔

 





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں