نینتھارا کی نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری “نینتھارا: بیونڈ دی فیری ٹیل” کے حوالے سے رپورٹس تھیں کہ فلم چندر مکھی کے پروڈیوسرز نے اس پر فوٹیج کے غیر مجاز استعمال کا الزام عائد کیا ہے اور 5 کروڑ روپے کا معاوضہ طلب کیا ہے۔ تاہم، پروڈکشن ہاؤس سیواجی پروڈکشنز نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فوٹیج کا استعمال ان کی اجازت سے ہوا ہے۔
چندر مکھی، جس میں رجنی کانت، جیوتیکا، اور پربھو نے اداکاری کی، نینتھارا کے کیریئر کی اہم فلموں میں سے ایک تھی۔ نیٹ فلکس کی ڈاکیومنٹری میں نینتھارا کے فلمی سفر اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، فلم کی شوٹنگ کے کچھ کلپس استعمال کیے گئے جن پر اعتراض اٹھایا گیا۔
پروڈکشن ہاؤس نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ “ہم نے نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری میں فوٹیج کے استعمال کی اجازت دی ہے۔” مزید وضاحت میں بتایا گیا کہ روڈی پکچرز کو فوٹیج کے استعمال کی مکمل اجازت دی گئی تھی اور اس حوالے سے کوئی قانونی تنازع نہیں ہے۔
اس سے قبل نینتھارا اور دھنش کے درمیان بھی نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری پر قانونی اختلاف سامنے آیا تھا۔ دھنش نے 10 کروڑ روپے کا ہرجانہ طلب کیا تھا، جس پر نینتھارا نے وضاحت دی کہ استعمال کی گئی فوٹیج ذاتی موبائل کلپس تھیں کیونکہ پروڈکشن ہاؤس نے اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔