وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دشمن کی حکومت ہو تب بھی میں ملک کے خلاف نہیں سوچوں گی کیوں کہ کوئی پاسبان اپنے ملک پر حملہ نہیں کرسکتا۔
یہ بات انہوں نے بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی میں ہونہار اسکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہونہار طلبا میں چیک تقسیم کیے۔
مریم نواز نے کہا کہ اسکالرشپ محنتی طلبا کا حق ہے اسے حاصل کرنے والے طلبا نے اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کردیا، پنجاب حکومت آپ کی امانت ہے اور یہ سب کچھ عوام کا ہے، تمام اسکالرشپس میرٹ پر دی گئیں، اسکالرشپ پروگرام 72 ارب روپے کا ہے، 80 فیصد اسکالر شپس طالبات نے حاصل کیں۔
انہوں ںے کہا کہ نوجوانوں کی ریڈ لائن پاکستان ہونا چاہیے، دہشت گردی پھر عود کر آگئی ہے کے پی اور بلوچستان کو دہشت گردی کا سامنا ہے، 2018 میں ترقی کرتے پاکستان کا راستہ روکا گیا، دشمن کی حکومت ہو تب بھی میں ملک کے خلاف نہیں سوچوں گی کیوں کہ کوئی پاسبان اپنے ملک پر حملہ نہیں کرسکتا۔
انہوں ںے کہا کہ سیکیورٹی اہلکار ہمارے اپنے لوگ ہیں فوجی جوان ہماری حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں، میں کبھی نہیں کہوں گی کہ باہر نکلو اور آگ لگادو، نوجوان کبھی کسی کی باتوں میں نہ آئیں اور اپنے ملک کی حفاظت کریں۔