مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے باعث اداکارہ ہانیہ عامر کو بڑا نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسٹاگرام پر 1 کروڑ 83 لاکھ فالوورز رکھنے والی پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر دلجیت دوسانجھ کے ساتھ فلم سردار جی تھری میں نظر آتیں۔
تاہم اب بھارت کی مقامی انڈسٹری نے خبر دی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث ہانیہ عامر کی جگہ کسی اور اداکارہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس فلم میں ہانیہ عامر کے ساتھ دلجیت دوسانجھ اور نیرو باوجوہ کو بھی ہونا تھا۔ فلم کی شوٹنگ حال ہی میں برطانیہ میں مکمل ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے باعث فلم میں ہانیہ عامر کو رکھنا بہت مشکل ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے اب کسی بھارتی اداکارہ کو فلم کا حصہ بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ سردار جی تھری کی ریلیز دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے تاخیر کا شکار بھی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب پروڈکشن ٹیم نے ابھی تک ہانیہ عامر کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔